دہشت گردی آخری سانسیں لے رہی ہے الزامات لگانے والوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا بجلی سستی بھی ہونی چاہئے نواز شریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی آخری سانسیں لے رہی ہے، بدامنی کا عنقریب خاتمہ ہو گا، آج لوڈ شیڈنگ کم ترین سطح پر ہے، 2018ءکا سال لوڈ شیڈنگ فری سال ہو گا، ملک میں سڑکوں اور موٹرویز کا جال بچھا رہے ہیں، اقتصادی صورتحال بہتر   ہوئی ہے، مہنگائی کم، روپیہ مستحکم، زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر ہیں، 2018ءکے انتخابات میں پھر موقع ملا تو جی ڈی پی کی شرح نمو 12 فیصد تک لے کر جائیں گے، ہم نے ہمیشہ دوسروں کے مینڈیٹ کا احترام کیا ہے اور سب کو ساتھ لے کر چلے ہیں، کبھی دھاندلی، ہیرا پھیری یا 35 پنکچرز کی بات نہیں کی، دھاندلی کے الزامات لگانے والوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔ وہ برآمد کنندگان میں سیلز ٹیکس ریفنڈ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، امن قائم ہوگا تو اقتصادی سرگرمیاں فروغ پائیں گی، ملک میں سرمایہ کاری ہو گی، برآمدات بڑھیں گی، قومی آمدنی میں اضافہ ہو گا، نئے کارخانے لگیں گے اور لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے توانائی اہم ضرورت ہے، اس مقصد کیلئے بجلی کی پیداوار کے متعدد منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، تھر میں کارخانے لگ رہے ہیں، اس پر 70 سال پہلے کام شروع ہونا چاہئے تھا تاہم اب ہماری حکومت کے منصوبوں کے نتیجہ میں کوئلہ کے ذخیرہ کا استعمال شروع ہونے والا ہے، تھر میں اعلیٰ معیار کا کوئلہ ہے جس سے سستی بجلی پیدا ہو گی اور اس کا گھریلو صارفین اور کاشتکاروں کو بھی فائدہ ہو گا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے علاوہ توانائی کے دیگر کئی منصوبے بھی لگائے جا رہے ہیں، ان منصوبوں پر کام کی رفتار سے چینی ماہرین بھی حیران ہیں۔ ہم اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی 2008ءسے 2013ءتک پیپلز پارٹی کی حکومت سے اس بارے میں سوال کرتے رہے ہیں کہ انہیں یہ مسئلہ ورثہ میں ملا ہے تو وہ اس کے ذمہ داران سے پوچھیں کہ مجرمانہ غفلت کیوں برتی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گیس کی کمی پورا کرنے کیلئے بھی کام کیا جا رہا ہے۔ میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین بن رہی ہے، ریلویز بہتر ہو رہی ہے، پی آئی اے اگلے دو سالوں میں بہترین ایئر لائن بن جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت سستی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت دل و جان کے ساتھ اور محنت سے کام کر رہی ہے، تاجر اور سرمایہ کار اس کارخیر میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کا نتیجہ بھی سب کے سامنے ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے، حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں، میں تمام سول و فوجی افسروں اور جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے شعبوں کو 20 جون 2016ءتک منظور کئے گئے ریفنڈ جلد واپس کئے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ 15 اکتوبر 2016ءتک تمام سیلز ٹیکس ریفنڈز ادا کر دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی دستیابی ہی کافی نہیں بجلی سستی بھی ہونی چاہئے۔ کاشتکار اور گھریلو صارفین کیلئے بجلی سستی ہونی چاہئے۔ تھر کا کوئلہ جلد نکالا جائے گا۔ کوئلے سے بجلی گھر لگایا جائے گا۔ تھر کا کوئلے کا ذخیرہ کئی سال پہلے استعمال ہوجانا چاہئے تھا۔ مزہ تب آئے گا جب صنعتکار، گھریلو صارفین اور کاشتکار سب کیلئے بجلی سستی ہو۔ آنے والے دن گزرے دنوں سے بہتر ہوں گے۔ تھر کا کوئلہ استعمال کرنے میں 70 سال کی تاخیر کی گئی۔ تھر میں بجلی کے کارخانے لگا رہے ہیں۔ بجلی بتدریج سستی ہورہی ہے۔ بجلی سستی ہونے سے مصنوعات کی برآمدات بڑھیں گی۔
نواز شریف

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...