عامر لیاقت سیاست سے کنارہ کش سینیٹر عبدالحسیب بھی متحدہ سے لاتعلق

Aug 24, 2016

کراچی(خصوصی رپورٹر+ کامرس رپورٹر) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے انکشاف کیا ہے متحدہ قومی موومنٹ کی تشکیل نو اور فیصلہ سازی کا اختیار کراچی تک محدود کرنے کے عمل کی منظوری کراچی اور لندن رابطہ کمیٹیوں کے باہمی اتفاق رائے سے ہوئی ہے اور مائنس ون فارمولا کی کوئی حقیقت نہیں، ایم کیوایم کے قائد کو آرام کا مشورہ دیا گیا ہے لیکن ان کی پارٹی قیادت سے علیحدگی کی باتوں میںکوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا بظاہر فیصلے کراچی میں کرنے کے دعووں کے باوجود لندن میں موجود قیادت کو فیصلہ سازی میں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ تمام فیصلے کراچی اور لندن میں موجود قیادت کی باہمی رضامندی سے کئے جارہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نجی چینل کے پروگرام میں متحدہ قومی موومنٹ کی نمائندگی کرنے آئے تھے لیکن دوران پروگرام انہوں نے نہ صرف ایم کیو ایم سے علیحدگی بلکہ سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔ وہ اس پروگرام میں ذہنی طورپر منتشر اور جذباتی نظر آئے اور ایک موقع پر انہوں نے برملا کہا ایم کیو ایم میں کیا ہورہا ہے وہ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے اور موجودہ صورت حال پر وہ سخت متذبذب ہیں اور اب ان کے لئے پارٹی اور سیاست میں مزید رہنا ناممکن ہوگیا ہے۔ مزید برآں متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر عبدالحسیب خان نے قائد ایم کیو ایم کی جانب سے پاکستان مخالف بیان پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد اور ایم کیو ایم سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا قائد کے بیان سے ہر محب وطن پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔

مزیدخبریں