افغانستان : پولیس ہیڈکواٹرز پر طالبان کا خودکش حملہ ، 2فوجیوں سمیت 5ہلاک ، 40زخمی

Aug 24, 2017

کابل (اے ایف پی+نیٹ نیوز) افغانستان کے شہر لشکرگاہ میں طالبان کے خودکش حملے کے نتیجے میں 2 فوجیوں سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار لشکرگاہ میں پولیس ہیڈکوارٹرز کی پارکنگ کے قریب دھماکے سے اڑا دی جس میں 2 فوجیوں سمیت 5 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ حملے میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ دھماکے کے زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ افغان میڈیا کا کہنا تھا خودکش حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے۔ دوسری جانب افغانستان میں تعینات امریکی افواج کے کمانڈر جنرل نکلسن نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے طالبان تشدد کی راہ چھوڑ کر مصالحت کا اعلان کریں۔افغانستان کیلئے نئی امریکی پالیسی کے اعلان کے بعد افغانستان میں تعینات امریکی کمانڈر جنرل نکلسن نے بتایا کہ نئی پالیسی کا مطلب ہے طالبان جنگ کرکے نہیں جیت سکتے۔افغان شراکت دارجانتے ہیں طالبان کیخلاف امریکی عزم مضبوط اور پائیدار ہے۔ افغانستان میں امریکہ کی موجودگی صوابدیدی ٹائم لائنز پرنہیں بلکہ صورتحال کے مطابق ہوگی۔پرامن،مضبوط افغانستان ،افغان عوام اوراتحادی فورسز کی کامیابی ہے۔

مزیدخبریں