اترپردیش میں ٹرین کی ڈمپر سے ٹکر‘ 80 مسافر زخمی: بھارتی ریلوے کے سربراہ مستعفی

Aug 24, 2017

نئی دہلی (اے ایف پی+ نیٹ نیوز) بھارتی ریاست اترپردیش میں مسافر ٹرین ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 9 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں، حادثے میں80 افراد زخمی ہوگئے۔ مسافر ٹرین اعظم گڑھ سے نئی دہلی جا رہی تھی۔ پانچ دنوں کے دوران مسافر ٹرین کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ حادثے کے بعد پٹڑی سے اترنے والی بوگیوں سے تمام مسافروں کو باہر نکال لیا گیا ہے۔ حادثے کے باعث اس ٹریک پر آنے والی متعدد ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں یا ان کا رُخ موڑ دیا گیا جبکہ ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔ ادھر بھارت میں ٹرینوں کے یکے بعد دیگرے حادثات میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت کے بعد ریلوے کے سربراہ کے متل نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے انکی جگہ اشوانی لوہانی کو تعینات کیا جائے گا۔ یاد رہے چند روز قبل اترپردیش میں مسافر ٹرین کی 14 بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث 23 افراد مارے اور 400 زخمی ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں