پی سی بی نہیں، مکی آرتھر کے رویے پر تنقید کی: عمراکمل

Aug 24, 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)قومی کرکٹر عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کراتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پی سی بی کے خلاف کچھ نہیں کیا بلکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے رویے کے خلاف احتجاج کیا۔گزشتہ دنوں عمر اکمل نے پریس کانفرنس کے دوران مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب بھی مکی آرتھر کے پاس جاتا ہوں تو وہ مجھے گالیاں دینے لگ جاتے ہیں، میں پاکستان کا کھلاڑی ہوں بغیر غلطی کے کوئی بھی اٹھ کے مجھے گالیاں دے تو میرے لیے شرم کی بات ہے۔ میرے ساتھ گزشتہ تین سے چار سال سے زیادتی ہو رہی ہے جس کے باعث میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور میں پریس کانفرنس کرنے پر مجبور ہو گیا لیکن میں نے مکی آرتھر کے رویے پر تنقید کی، پی سی بی پر نہیں کی۔عمر اکمل نے جواب میں اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ مکی آرتھر نے صرف ایک مرتبہ نہیں بلکہ بارہا انہیں گالیاں دیں اور ان کا رویہ قابل برداشت نہیں تھا جس کی وجہ سے انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔ سسٹم کی عزت کرتا ہوں اور اس وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ میں نہ ہونے کے باوجود جواب دے رہا ہوں۔امید ہے چیئرمین نجم سیٹھی انصاف کرینگے۔

مزیدخبریں