اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور یکم مارچ سے اب تک 3 ہزار 277 رجسٹرڈ افغان مہاجرین وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ یو این ایچ سی آر کے نمائندے کے مطابق صوبہ خیبرپی کے سے 1729اور کوئٹہ سے 1441 رجسٹرڈ افغان مہاجرین وطن واپس جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واپس جانے والے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو یو این ایچ سی آر کی جانب سے دو سو امریکی ڈالر ادا کیے جارہے ہیں۔ دریں اثناء عالمی ادارہ برائے مہاجرین یو این سی آر کے فراہم کردہ پی او آر کارڈ ہولڈر افغان مہاجرین کو حکومت کی جانب سے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت کے بعد بڑی تعداد میں افغان مہاجرین نے مختلف بینکوں میں اپنے اکاؤنٹس کھولنا شروع کر دیئے اور حکومت کے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ حکومت نے ملک بھر میں قیام پذیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو جن کے پاس آکار آمد پی او آر کارڈ ہیں ملک بھر کے تمام بینکوں میں اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دی ہے۔