xلاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صوبائی وزراء ڈاکٹر اختر ملک، اعجاز عالم اور وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ شبیر علی سمیت 15سے زائد اراکین اسمبلی اور 23عوامی وفود کی ملاقاتیں۔ گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ کرپشن بچانے اور سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے اپوزیشن کشمیر کاز کا سہارا لینے سے باز رہے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے صوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اختر ملک،صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم، وزیر ہاؤسنگ شبیر علی، وزیر اعلی کے مشیر عون چوہدری، ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، ایم پی ایز جاوید اختر، واصف مظہر، خیال احمد کاسترو، لطیف نذر، نعیم ابراہیم اور ایم پی اے سلیم اختر سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے ایم پی ایز اور عوامی وفود نے گور نر ہاؤس لاہور میں ملاقاتیں کیں جن میں عوامی سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔اس موقع پر گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر، بھارت کے جنگی جنون اور خطے کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے پاکستان کو جو چیلنجز درپیش ہیں ان سے نمٹنے کیلئے پاکستان میں آج اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے مگر بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں آج بھی اپنی سیاست کو بچانے کے چکروں میں ہیں جو کسی بھی صورت ملک وقوم کی خدمت نہیں، اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ جوش کی بجائے ہوش سے کام لے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا میں کشمیر یوں کا مقدمہ بھر پور انداز سے لڑ رہی ہے اور بھارت کو ہر محاذ پر شکست دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں اجاگر ہونے کی وجہ سے بھارت مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے نئے نئے ڈرامے کر رہا ہے۔بھارت کے ہر منصوبے کو ناکام بنائیں گے آخر کار بھارت کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر نا ہی پڑ یگا۔
اپوزیشن سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے کشمیر کاز کا سہارا نہ لے: گورنر پنجاب
Aug 24, 2019