کراچی (نوائے وقت نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے شہر کے نالوں کی صفائی اور قبضوں سے متعلق درخواست پر مئیر کراچی وسیم اختر، میونسپل کمشنر کے ایم سی، ڈی ایم سیز کو نوٹسز جاری کردیئے۔جسٹس سید اظہر حسن رضوی اور جسٹس مسز کوثر سلطانہ حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو شہر کے نالوں کی صفائی اور قبضوں سے متعلق نالوں کی صفائی اور قبضوں کیخلاف فلاحی ادارے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نالوں کی صفائی نہ ہونے پر شہر کا برا حال ہوا۔ نالوں کی صفائی ہی نہیں قبضوں اور ناجائز تعمیرات کا معاملہ بھی ہے۔ عدالت نے ڈی ایم سی غربی کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ واپس کردی۔ عدالت نے ریماکس دیئے دنیا میں جدید مشینیں موجود ہیں اور ہمارے ہاں ہاتھوں سے صفائی ہو رہی ہے۔ ایسے لوگوں کو صفائی کے لیے بھرتی کر لیا گیا جو اپنے کپڑے گندے کرنا نہیں چاہتے۔ نالوں کی صفائی آخر کیسے ممکن ہو سکے گی۔ عدالت نے مئیر کراچی وسیم اختر، میونسپل کمشنر کے ایم سی، ڈی ایم سیز کو نوٹس جاری کردیئے۔