راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسان طفیل نے جمعہ کو اپنے دفتر میں کھلی کچہری منعقد کی جس میں آئے سائلین نے اپنی دادرسی کے لئے درخواستیںپیش کیں، جن پر متعلقہ افسران کو فوری کاروائی کے احکامات جاری کئے گئے آرپی او راولپنڈی نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی اور میرٹ کو ہر صور ت یقینی بنانا ہے کھلی کچہری میںسائل محمد یٰسین سکنہ چونترہ راولپنڈی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیاکہ مقدمہ بجرم324کا مدعی ہے، سائل کے مقدمہ میںچار ملزمان کو بیگناہ کردیا گیا ہے مقدمہ کی تفتیش تبدیل کی جائے جس پر آرپی او راولپنڈی نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن راولپنڈی کو فوری انکوائری وکارروائی کے احکامات جاری کئے سائلہ نیلم سکنہ کہوٹہ نے درخواست دی کہ خاوند منشیات کا عادی ہے اور فروخت بھی کرتا ہے ، مارتا پیٹتاہے جان کا خطرہ ہے، جس پر اے ایس پی کہوٹہ کوفوری انکوائری و کاروائی کے احکامات جاری کئے گئے درخواست گزار سعید سمیع وغیرہ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تھانہ مری میں قتل کے مقدمہ میں بیگناہ ملوث کیا گیا ہے انکوائری کی جائے، جس پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو فوری طور پر انکوائری کے احکاما ت جاری کئے گئے۔صوبیدار ریاض سکنہ مسلم ٹائون نے درخواست پیش کی کہ سائل کے بھانجے نے دھوکہ دہی سے زمین فروخت کردی ،جس پر آرپی او راولپنڈی نے فوری انکوائری و کاروائی کے احکامات جاری کئے۔ نعمان سکنہ گوجرخان نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مقدمہ بجرم 302کی تفتیش تبدیل کی جائے،جس پر درخواست کو ایس ایس پی انوسٹی گیشن راولپنڈی کو برائے ضروری کارروائی مارک کی گئی سائل طیبہ ارم نے درخواست دی کہ سائلہ کے تھانہ مری میں درج نقب زنی کے مقدمہ میں ملزمان کوتاحال گرفتار نہیں کیا گیا، جس پر آر پی او راولپنڈی نے ایس پی صدر ڈویژن راولپنڈی کو فوری کاروائی کے بعد 15دن میںرپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔
آر پی او کی کھلی کچہری ، سائلین کی درخواستوںپرفوری کاروائی کے احکامات جاری
Aug 24, 2019