کراچی (نیوز رپورٹر) میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ یونیورسٹیز کسی بھی شہر کے سر کا تاج ہوتی ہیں جہاں کے تعلیمی معیار کو بہت زیادہ بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ وہاں کے ماحول کو بھی بہت خوبصورت ہونا چاہئے، جامعہ کراچی میں جس طرح منظم انداز میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا ہے اس سے یہاں کے ماحول کی خوبصورتی میں اور بھی زیادہ اضافہ ہوجائے گا، جامعہ کراچی کی انتظامیہ اور لیڈر شپ قابل تحسین ہے کہ انہوں نے وہ قدم اٹھایا کہ جس کی ملک بھر میں اشد ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی صبح جامعہ کراچی میں سلور جوبلی گیٹ کے مقام پر شجر کاری مہم اور جامعہ کراچی کے لینڈ اسکیپ ون( سلور جوبلی گیٹ تا آزادی چوک) کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، رجسٹرار پروفیسرڈاکٹر سلیم شہزاد، پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ اکرام، ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ، پروفیسر ڈاکٹر شہناز غازی، پروفیسر ڈاکٹر تبسم محبوب، پروفیسر ڈاکٹر طاہر علی، ڈاکٹر معیز خان، ڈاکٹر فہیم اور دیگر بھی موجود تھے، بعدازاں ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور اساتذہ کرام نے مختلف پودے لگائے،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیات تبدیل ہورہی ہیںدنیا کو قدرتی مناظر بچانے کی فکر ہے مگر یہ بھی سچ ہے کہ انسان جہاں جہاں گیا اپنی ضروریات اور مفادات کے مطابق قدرتی چیزوں کو ختم کرتا چلا گیا یوں قدرتی مناظر محدود ہوتے چلے گئے مگر ہم جس ملک میں رہتے ہیں وہاں ان قدرتی مناظر کو کم کرنا کسی طور بھی گوارہ نہیں کرسکتے ، ہمیں اور اس ملک کے تمام شہریوں کو ماحول دوست ہونا پڑے گا اور ماحول دوست بن کر ہی کام کرنا پڑے گا، وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی میں لینڈ اسکیپ پروجیکٹ I- کے تحت سلور جوبلی گیٹ سے آزادی چوک تک انتہائی منظم طریقے سے کام کیا جارہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ جامعہ کراچی کو بہترین منصوبہ بندی کے ذریعے خوبصورت اور سرسبز وشاداب بنایا جائے تاکہ یہاں پر آنے والے لوگوں کو یہ احساس ہو کہ یہ ہمارے ملک کی سب سے بڑی اور خوبصورت جامعہ ہے۔