پاکستان بھر سے اور آزاد کشمیر کے صحافیوں نے کنٹرول لائن کی جانب احتجاجی مارچ کیا جس کا مقصد بھارتی حکام کی جانب سے اظہار رائے کی آزادی پر پابندی کی مذمت اور مقبوضہ کشمیر میں محصور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
مارچ کی اپیل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے کی ہے ۔پاکستان کے مختلف حصوں اور آزاد کشمیر سے تقریباً چار سو صحافی مارچ میں شریک ہیں۔مارچ مظفرآباد پریس کلب سے شروع ہوا ۔شرکاء کے ساتھ ادویات اورخشک راشن کے دو ٹرک ہیں جو مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے امداد کے طورپر بھارتی فوج کے حوالے کئے جائیںگے۔آج صبح گفتگو کرتے ہوئے صحافیوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کے اظہار رائے کی آزادی سمیت تمام بنیادی حقوق سلب کرلیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کے مارچ کا مقصد عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی توجہ بھارت کے جموں وکشمیر کے عوام کے خلاف مذموم عزائم کی جانب مبذول کرانا ہے۔