جماعت اسلامی فریضہ اقامت دین اور احیائے اسلام کی عالمی تحریک ہے، ڈاکٹر طارق سلیم

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)جماعت اسلامی فریضہ اقامت دین اور احیائے اسلام کی عالمی تحریک ہے،سید ابو الاعلی مودودی کی فکر آج دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیرجماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے ضلعی دفتر سید مودودی بلڈنگ راولپنڈی میں جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام نئے ارکان کے حلف کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد اور دیگر رہنمائوں نے بھی اظہار خیال کیا،12نئے ارکان نے باضابطہ حلف اٹھا کر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی، ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا سید مودودی ؒکے قرآن و سنت کی اساس پر مبنی جاندار لٹریچر نے نوجوانوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا ہے، لاکھوں لوگوں کو بے راہ روی اور الحاد و بیدینی کی دلدل سے نکال کر اسلام کی شاہراہ مستقیم کا راہی بنایا ہے، انہوں نے نئے ارکان کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے لئے استقامت اور خیر وبرکت کی دعا کی،سید عارف شیرازی نے کہا نئے ارکان کا اضافہ خوش آئند اور جماعت اسلامی کے لئے تقویت کا باعث ہوگا۔،جماعت اسلامی کے ارکان و کارکنان اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں نے کرونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈائون کے دوران راولپنڈی شہر اور کینٹ کے عوام کی بہترین خدمت کا حق ادا کیا ہے، خدمت خلق کے اس کام میں حصہ لینے والوں کو اللہ تعالی بہترین اجر سے نوازیں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن