غزہ (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت(حماس)کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل حانیہ نے تمام فلسطینی قوتوں، عالم اسلام اور عرب برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ صہیونی ریاست کے استعماری اور توسیع پسندانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے جامع اور متفقہ حکمت عملی تشکیل دیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہنما نے اپنے بیان میں کہا کہ صہیونی ریاست کے مذموم عزائم کا صرف جامع اور متفقہ حکمت عملی سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے صہیونی ریاست کے مظالم توسیع پسندانہ منصوبوں کے خلاف تین نکاتی حکمت عملی کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست سے فلسطینی قوم ، قبلہ اول اور فلسطینی مقدسات کو درپیش خطرات کا تدارک تین اہم امور کے ذریعے کیا جاسکتا ہے،تمام فلسطینی قوتیں آزادی کے لیے متفقہ پروگرام تیار کریں، حق واپسی کے لیے جدو جہد کو مزید موثر بنایا جائے اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے عالم گیر تحریک برپا کی جائے۔انہوں نے ایک بار پھر تمام فلسطینی قوتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کریں، تمام فلسطینی بنیادی اور اصولی مطالبات پرایک موقف اختیار کریں، تنظیم آزادی فلسطین کے ڈھانچے کی تشکیل نو کی جائے اور تمام فلسطینی قوتوں کو نئے ڈھانچے میں نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم آزادی فلسطین کا موجودہ ڈھانچہ تمام فلسطینی طبقات کی نمائندگی نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو آزادی اور اپنے چھینے گئے حقوق کی بازیابی کے لیے طویل اور صبر آزما جدو جہد کے لیے تیار ہونا پڑے گا، آزادی اور دیگر حقوق کے لیے ہمیں مسلح مزاحمت سمیت دیگر تمام ذرائع اور وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا، تب ہی ہم قوم کے اہداف اور اس کی امنگوں کے مطابق آگے بڑھ سکتے ہیں۔