اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)پاکستان اور ایران کے سفارتکاروں اور خارجہ پالیسی کے ماہرین نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے چہابہار اور گوادر کی بندرگاہوں کو باہم منسلک کرنے پر زور دیا ہے۔سرکاری میڈیا کے مطابق کرونا کی صورتحال کے بعد ایران پاکستان اقتصادی شراکت داری کے موضوع پر ایک ویبینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔ پاکستانی مقررین نے ترقی کی راہیں تلاش کرنے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ اور ایران اور پاکستان کے درمیان تبادلے کے پروگراموں کو فروغ دینے، جدید تحقیق و ترقی کیلئے مشترکہ مراکز قائم کرنے پر زور دیا۔