کراچی (نیوز رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی اور اس کے شہریوں سے مسلسل لسانی بنیادوں پر ناانصافیوں کے بعد اب اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ ہم اپنے وسائل پر اپنے اختیار کیلئے جنوبی سندھ صوبہ حاصل کرنے کی جدوجہد تیز کردیں۔ اب مہاجر قوم کو اپنا صوبہ حاصل کرنے کیلئے کھڑا ہونا پڑے گا۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ جنوبی سندھ صوبہ ناصرف کراچی بلکہ پورے ملک کی ترقی کیلئے اہم ہے کیونکہ جب ہمارے وسائل پر ہمارا کنٹرول ہوگا تو اس کنٹرول کو ہم شہر کی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں گے اور اس ترقی کا ثمر پورے ملک کو ملے گا اس لئے ہماری اس مثبت کوشش کا ادراک بااختیار قوتوں سمیت سب کو کرنا چاہئے۔اگر ہمارے اس اقدام کو پارلیمانی نظام میں قبول نہیں کیا جاتا تو پھر ہم اس نظام کی بجائے صدارتی نظام ِ حکومت کی حمایت کریں گے۔سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں ضلع کیماڑی کے قیام کا اعلان عوام کی توجہ اہم ایشوز سے ہٹانے کی کوشش ہے۔کیماڑی ضلع جو کہ پختون اکثریتی علاقوں پر بنایا جارہا ہے وہاں اس ضلع میں بسنے والوں کو پختونوں کو اس ضلع میں نوکریاں دینی چاہئے کیونکہ اس ضلع پر انکے حق مسترد نہیں کیاجاسکتا۔ اور لسانی یا سیاسی تقسیم کے بجائے انتظامی بنیادوں پر شہر میں مزید اضلاع بنائے جاتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا کیونکہ جب یکساں آبادی کے حامل اضلاع موجود ہونگے تو پھر عوام کے مسائل بھی یکساں بنیادوں پر حل ہونگے جس سے ناصرف کراچی بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا۔
مسلسل ناانصافیاں، اب مہاجروں کو اپنا صوبہ حاصل کرنا ہوگا، آفاق احمد
Aug 24, 2020