اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان اور بیلجیئم کے ہم منصب کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کیلئے ضروری ہے۔ دنیا افغانستان کی مدد کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانوں کی حفاظت، سلامتی اور افغانستان میں استحکام انتہائی اہم ہے۔ امن اور مفاہمت جامع سیاسی حل کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگا۔ عالمی برادری میں افغانوں کی حمایت کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔ عالمی برادری معاشی استحکام کیلئے افغانستان کی ضروریات پوری کرے۔ افغانستان میں امن‘ مفاہمت اور جامع سیاسی حل سے ممکن ہے۔ پاکستان اور بیلجیئم کے وزراء اعظم نے انخلاء کی جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بیلجیئم کے وزیراعظم نے پاکستان کی مدد اور سہولت کو سراہا۔ بیلجیئم کے وزیراعظم نے عمران خان کو دورے کی دعوت دی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے عمل کو صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ ہدایت وزیراعظم نے پیر کو یکساں نصاب پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں دی۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو نصاب تعلیم میں شامل سیرت النبیؐ کی تعلیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سیرت النبیؐ ہی ہماری نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ تاریخ اسلام کے ساتھ ساتھ رسول اللہ ؐ کی حیات مبارکہ سے ماخوذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے اور سمجھائے جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ اور تعمیراتی سامان کی طلب و رسد اور قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک میں گھی، سیمنٹ اور سریا کی طلب اور رسد اور ان اشیاء کی قیمتوں کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی و فروغ خصوصاً کم لاگت والے گھروں کی تعمیر میں بلاتعطل پیش رفت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تعمیرات میں استعمال ہونے والے خام مال اور اسی طرح گھی جیسی بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب کے مطابق بلا تعطل رسد کو یقینی بنانے اور ان اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدام بروئے کار لایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ٹیکنالوجی کا فروغ، تعلیمی اداروں، صنعتی شعبے اور حکومتی اداروں کی مضبوط پارٹنرشپ کا قیام اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لئے موافق فضا کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو ہر وہ سہولت فراہم کر رہی ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک میں میسر آتی ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشنز کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ اکتوبر کے مہینے میں دبئی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ایکسپو جیسے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت دبئی میں ایکسپو پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل و دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے تمام صوبائی حکومتوں کو ایکسپو کے حوالے سے تیاریوں کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے کاروباری اعتماد کے سروے میں پاکستان کی رینکنگ کی بہتری پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ معاشی محاذ سے مزید خوشخبری آئی ہے۔ اوورسیز چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اوآئی سی سی آئی کے کاروباری اعتماد کے سروے (بی سی آئی) میں پاکستان مئی 2020 کے منفی 50 فیصد سے بہترہوکر 59 فیصد کی بہتری کیساتھ9 پرکھڑا ہے۔ اوورسیز چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ارکان کا اعتماد 108 فیصدکی انقلابی تبدیلی کے ساتھ 2020 کے منفی 74 فیصد کے مقابلہ میں 34 فیصد ہوچکا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے سندھ امور ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ کی مجموعی سیاسی صوتحال اور صوبے میں تحریک انصاف کی تنظیم سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
دنیا افغانستان کی مدد کر ے ،عمران:بیلجیم کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ
Aug 24, 2021