اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو جلد سزا دینے کی ضرورت ہے۔ فرد، معاشرے اور ریاست کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کتاب ’’دختران پاکستان‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے خواتین کے ساتھ ہونے والے دو واقعات سے بہت تکلیف پہنچی۔ مسلم معاشرے میں خواتین کو خاص مقام حاصل ہے، اسلام میں خواتین کے احترام کی خاص تلقین کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے فرد، ریاست اور معاشرہ اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو جلد سزا دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کے معاشرتی تحفظ سے متعلق قوانین موجود ہیں، عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہونے کیلئے بلند ہمت و حوصلہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و معاشرتی ترقی کیلئے خواتین کی تعلیم کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ مزید براں صدر علوی نے کہا ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں آسٹریلیا کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں آسٹریلیا کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار وزارت خارجہ کے سبکدوش ہونے والے ترجمان اور آسٹریلیا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناء صدر مملکت نے کہا پاکستان دوسرے ملکوں کی طرح یہ گارنٹی چاہتا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے۔ افغانستان میں امن بہت اہم ہے اور یہ افغانستان کے عوام اور ہمسایہ ممالک کے مفاد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان صدر میں ’’دختر پاکستان بیانیہ‘‘ کی تقریب پذیرائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خواتین کیخلاف جرائم میں ملوث افراد کو جلد سزا دینے کی ضرورت ہے:صدر
Aug 24, 2021