لاہور (نیوز رپورٹر+وقائع نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ڈیرہ غازی خان اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے وفود نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے وفود کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔ وفود نے عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ دل و جان سے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے مسائل کو ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کرتا ہوں۔ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے شہروں کے وزٹ کررہا ہوں۔ ماضی کی حکومت نے پسماندہ اضلاع سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا کیونکہ سابق حکمرانوں کی ترجیحات صرف ذاتی نمودونمائش تھی جبکہ ہم ذاتی نمائش پر نہیں بلکہ صرف کام پر یقین رکھتے ہیں۔ 3 برس کے دوران دعوے کم اور کام زیادہ کئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اب پنجاب کے پسماندہ اضلاع ترقی کی دوڑ میں شامل ہوچکے ہیں۔ عمران خان کے ویژن کے تحت وسائل کا رخ پسماندہ اضلاع کی جانب موڑا ہے۔ اب حالات ماضی کی طرح صرف حکمرانوں کے نہیں بلکہ عوام کے حالات بدل رہے ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار آج شاہکام چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھیں گے۔ شاہکام چوک فلائی اوور کی تعمیر پر 4 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ شفاف ٹینڈرنگ اور لینڈ ایکوزیشن کی مد میں اس عوامی منصوبے میں 39 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کی بچت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سے آکسیجن کے بغیر کے ٹو سرکرنے والے بلتستان کے کوہ پیماؤں نے ملاقات کی۔ بزدار نے کوہ پیماؤں کو 10 لاکھ روپے کا چیک اور مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود اپنی ہمت اور صلاحیتوں سے کے ٹو کی چوٹی سر کرنا قابل فخر کارنامہ ہے۔عثمان بزدار سے پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن نے ملاقات کی۔ وومن پروٹیکشن سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ پبلک مقامات پر خواتین کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ خواتین ہر لحاظ سے قابل احترام ہیں۔ بدسلوکی قطعا برداشت نہیں، سخت ایکشن ہو گا۔ عثمان بزدار کی زیرصدات اجلاس میں شہروں میں نئے ٹرانسپورٹ سسٹم کے اجراء کے بارے میں سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور اورنج لائن میٹروٹرین کے کرائے کو فاصلے کے حساب سے متعین کرنے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلی نے غیر معیاری گیس سلنڈر استعمال کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ کابینہ ٹرانسپورٹ کے نئے نظام اور اورنج لائن میٹروٹرین کے کرائے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔ اورنج لائن میٹروٹرین کا کرایہ فاصلے کے حساب سے طے کرنے کے لئے سفارشات تیار کر لی گئی ہیں۔ لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں ماحول دوست الیکٹرک بسوں کو متعارف کرایا جائے گا۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کا دائرہ کار صوبے کے دور دراز علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں بڑے شہروں میں ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کی تجویز پر بھی غورکیا گیا۔