سرینگر (اے پی پی‘ نوائے وقت رپورٹ) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی جاری رکھی اور تازہ کارروائی کے دوران گزشتہ روز ضلع سرینگر میں دو اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کوسرینگر شہر میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ جبکہ کئی علاقوں میں محاصرے، تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے حریت کانفرنس پر پابندی کی خبروں پر سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت کو خبردار کیا کہ اس طرح کے ظالمانہ اقدامات ماضی میں ناکام رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کا انجام یہی ہوگا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ افغانستان سے سبق سیکھے جہاں قابض طاقتیں بھاگنے پر مجبور ہو گئی ہیں جبکہ ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس نے پاکستان کے حق میں نعرے لگانے پر10 مسلمان نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ دوسری جانب بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے جموں خطے کے ارنیہ سیکٹر میں سرحد پر مبینہ طورپرمشتبہ ڈرون کی نقل وحرکت محسوس کرنے پر مشین گن سے شدید فائرنگ کی۔