اسلام آباد(محمد رضوان ملک / نیوزرپورٹر) نومنتخب صدرآزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کل 25 اگست بروز بدھ کو آزاد کشمیر کے 28 ویں صدر ریاست کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے بیرسٹرسلطان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ آزاد جموں کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ اس سے قبل 9 بار آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے پہلی بار آزاد کشمیر میں بحثیت صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر پی ٹی آئی کو منظم و متحرک کیااور ان کی ان کوششوں ہی کی بدولت تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر کے عام انتخابات میں بغیر کسی اتحادی جماعت کے پہلی بار حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ شروع میں خیال کیا جارہا تھا کہ وہ آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے تاہم بعد میں پارٹی اور کشمیر کے لئے ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں صدر ریاست کی ذمہ داری دی گئی جو انہوں نے بخوشی قبول کر لی اور 25 اگست کو وہ ریاست کے 28 ویں صدرکا حلف اٹھائیں گے۔ ان کے حلف اٹھاتے ہی موجودہ صدر سردار مسعود اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔بیرسٹر سلطان محموو کی تقریب حلف برداری 25 اگست دوپہر 2 بجے ہیلی پیڈ گرانڈ، نزد ہائیکورٹ، چھتر مظفر آباد میں منعقد ہو گی۔چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم نو منتخب صدر سے انکے عہدے کا حلف لیں گے۔