چنیوٹ (نمائندہ نوائے وقت) میتوں کی بے حرمتی کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔ جادوگر ساتھی سمیت گرفتار تیسرا فرار مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھوانہ کے نواحی تاجہ بیر والا کا رہائشی تصور گذشتہ روز بوقت ڈیڑھ بجے دن بیوی کے ساتھ قبرستان میں اپنے والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کرنے گیا تو تین مردے پٹ جادوگروں، اجمل للیرا، حامد اور اسد نے اسکے والد کی قبر کو سوراخ کر رکھا تھا اور قبر کے اندر گھسنے کی کوشش میں مصروف پا کر تصور نے فوراً بھوانہ پولیس کو اطلاع کر دی۔
تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر دو جادوگروں حامد اور اسد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ تیسرا بدنام زمانہ جادوگر اجمل للیرا فرار ہو گیا۔ جادوگروں کی حرکات پر علاقہ میں خوف ہراس پھیل گیا ہے۔ بھوانہ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ جادوگروں سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔ عوامی حلقوں نے درندہ صفت جادوگروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میتوں کے ساتھ بد سلوکی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیر اعلی پنجاب خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے جادوگروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔