کوئٹہ (اے پی پی) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو سے مشیر بلدیات گہرام بگٹی نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اورسیاسی صورتحا ل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور ہر ضلع کے علیحدہ علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج پر وزیراعلی جام کمال کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کی قیادت میں بلوچستان میں پائیدار اور یکساں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منتخب نمائندوں سے مشاورت کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ دریں اثناصوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگونے وزیر داخلہ آفس میں انتہائی مصروف دن گزاراصوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو سے قلات، خالق آباد ،کے معززین علاقہ اورشہریوں کی ملاقات کھلی کچہری میں بدل گئی۔ وزیر داخلہ فردا فردا ہر شہری کی نشست پر گئے اورحال و احوال دریافت کیا۔ وزیر داخلہ نے شہریوں سے ان کے مسائل پوچھے۔ وزیر داخلہ نے شہریوں سے خود درخواستیں وصول کیں اورمتعلقہ حکام کو فوری دادرسی کے لئے ہدایات دیں۔ وزیر داخلہ نے خواتین سے بھی ان کے مسائل پوچھے اور حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ وزیر داخلہ نے شہریوں سے بلوچی زبان میں گفتگوکی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں آپ کے دکھ سکھ کا ساتھی ہوں۔ہماری خوشیاں اور غم ایک ہیں۔آپ کا مسئلہ ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کروں گا اور آپ کو اپنی درخواست پرفوری فیڈ بیک ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا آپ کے ساتھ عزت و احترام کا رشتہ ہے جو میں کبھی نہیں بھول سکتا۔وزیر داخلہ نے ہرشہری کا مسئلہ سنا اورفوری کارروائی کیلئے ہدایات دیں۔ بزرگ شہری مسائل کے حل کے لئے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر داخلہ کو دعائیں دیتے رہے۔ شہریوں نے وزیر داخلہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ دل و جان سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔مسائل کے حل کے لیے عوام سے براہ راست ملاقات قابل تحسین اقدام ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے ملاقات کرنے والے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے صرف کام کرنا ہے اور کام کرکے دکھانا ہے۔