کراچی (نیوزرپورٹر) کراچی کے صحافیوں کی اکثریت موٹاپے اور ہڈیوں کی کمزوری کا شکار ہے، ورزش سے دوری، غیر متوازن غذا اور تمباکو کا استعمال ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کی بیماریوں کا سبب بن رہا ہے، ہڈیوں کے بھربھرے پن سے بچنے کے لیے باقاعدگی سے ورزش، متوازن غذا کا استعمال، کیلشیم اور وٹامن ڈی کی کمی پوری کرنے کے لیے سپلیمنٹس کا استعمال بہت ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار ماہرین صحت کراچی پریس کلب میں ہونے والے ہیلتھ کیمپ کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کراچی پریس کلب کی ہیلتھ کمیٹی نے ایڈوانسڈ لیبارٹریز اور آن لائن ہیلتھ سروس جنگل لمیٹڈ کے تعاون سے کیا تھا جس میں ڈیڑھ سو سے زائد صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کیمپ میں میں او پی ڈی کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ایڈوانسڈ لیبارٹریز کی ٹیم کے مطابق معائنے کے دوران 75 سے 80 فیصد صحافی نہ صرف موٹاپے بلکہ ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض پائے گئے، جبکہ 80 فیصد سے زائد صحافی نہ صرف ہڈیوں کی کمزوری کا شکار تھے بلکہ اکثر میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کی شکایت بھی پائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی اسکریننگ سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی اکثریت ورزش اور جسمانی مشقت سے دور رہتی ہے جس کے نتیجے میں موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر شوگر اور دل کی بیماریوں کے بڑھنے کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔
کراچی کے صحافی موٹاپے، ہڈیوں کے بھربھرے پن کا شکار
Aug 24, 2021