سینیٹ پاکستان کی پارلیمان کا ایوان بالا اور وفاق کی مضبوطی کی علامت کے حوالے سے ایک اہم ادارہ ہے، جس میں تمام وفاقی اکائیوں کی بلاتفریق آبادی و جغرافیہ کے طور پر برابری نمائندگی موجود ہے، مذکورہ پارلیمانی ادارے کا بنیادی مقصد قومی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے، برابر نمائندگی کے باعث پاکستان کی تمام اکائیوں اور علاقوں کی آواز یک جہتی کا اہم عنصر ہے۔ دو ایوان پر مشتمل پارلیمانی نظام میں جمہوری تسلسل کے حوالے سے اس ایوان کو منفرد اہمیت حاصل رہی ہے۔ چیئرمین سینٹ صدر مملکت کی عدم موجودگی میں قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالتے ہیں۔سینیٹ پاکستان میںمختلف ثقافتوں کو وفاق کی چین میں یکجا کرتے ہوئے قومی ہم آہنگی کے فروغ اور وفاقی اکائیوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔وطن عزیز میںجمہوری و پارلیمانی روایات کے فروغ اور استحکام میں اس کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے ۔ سینیٹ آف پاکستان کا ایک بہت بڑا کردار یہ بھی ہے کہ جو وفاقی ڈھانچہ ہوتا ہے، اس میں تمام وفاقی اکائیوں کی برابری کی سطح پر نمائندگی ہوتی ہے،جس سے سب کو یکساں احساس ہو کہ وہ سارے ایک ایسے ایوان کے ممبران ہیں جس میں سب برابر کی سطح پر یکساں ہیں، اس لیے سینیٹ کا بہت بڑا کردار ہے بلکہ وہ ایک فعال ادارہ ہے۔سینیٹ کا اہم پالیسی و قانون سازی اور قومی مسائل کے حل میں کلیدی کردار رہا ہے ، جس سے قومی مفاد ، جمہوری قدروں اور وفاقی اکائیوں کو تقویت ملتی ہے۔ پاکستان ایک وفاق ہے، 1973ء کے آئین کے تحت سینیٹ کے قیام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ وفاق کی جتنی بھی اکائیاں ہیں ان کی نمائندگی ہو اور برابر کی سطح پر نمائندگی ہو اور جو اکائیاں ہیں، ان کی آواز دارلحکومت اسلام آباد تک پہنچے۔
تاہم سینیٹ آف پاکستان کے موجودہ چیئرمین محمد صادق سنجرانی ہیں، جن کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بے شمار معدنی وسائل سے مالامال کیا ہے،اسی طرح یہاں ذہنی صلاحیتوں کی بھی کوئی کمی نہیں ۔ تاہم بلوچستان کاماضی کے حاکموں کی غلط پالیسیوں اور ناروا سلوک کی وجہ سے ہمیشہ استحصال کیا گیا ہے، دنیا کی نظریں اس وقت بلوچستان کے ساحل وو سائل پہ لگی ہوئی ہیں، پوری دنیا میں سی پیک کا چرچا ہے،بلوچستان کا ضلع چاغی جس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا،بلوچستان کی مجموعی صورتحال سمیت بنیادی مسائل اور ضلع چاغی کے مختلف مسائل کے حوالے سے سینیٹ چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے گزشتہ روز اپنے دورہ چاغی کے موقع پر مسائل کے حل کی نوید سنائی ۔قبل ازیں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی خصوصی طیارے میں دوروزہ دورے پر اپنے آبائی علاقے چاغی پہنچے، جہاں دالبندین ایئرپورٹ پر قبائلی عمائدین ، سیاسی رہنماؤں اورسرکاری افسران نے ان کابھرپور استقبال کیا۔انہوں نے اپنے آبائی شہر نوکنڈی میں 103 کلومیٹر طویل نوکنڈی ماشکیل شاہراہ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی میںاپناکرداراداکررہے ہیں،جس سے اربوں روپے کے میگا پروجیکٹس سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی اور یہاں کی پسماندگی دور کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ،اس وقت موجودہ حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے،اس سے صوبے میں ترقی کی نئی رائیں کھلیں گے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ بلوچستان سمیت ضلع چاغی کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کروں، اس وقت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اربوں روپے کے میگا منصوبوں کی منظوری اور ان پہ کام شروع ہونے سے علاقہ ترقی کی راہ پہ گامزن ہوگا، سات ارب سے نوکنڈی ماشکیل دو رویہ سڑک اور بیس ارب روپے کے فنڈز سے امین آباد ٹو چاغی روڑ کی منظوری وزیراعظم کی یہاں کے عوام کے ساتھ بے لوث محبت کا اظہار ہے، چارسر و قریبی آبادی کیلئے نیشنل گرڈ سے منسلکی اور دس دن میںکیسکو ٹیم بھیج کر رپورٹ مرتب کی جائے گی، اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ نے چارسر کیلئے پچاس کروڑ روپے کی مختلف اسکیمات کا اعلان کیا، اسی طرح تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو بھی اولین ترجیح دی ، انہوں نے نوشکی کیلئے تیس کروڑروپے ،خاران کے لئے بیس کروڑ روپے اورواشک کیلئے بھی بیس کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے مختلف اضلاع اور خصوصاً ضلع چاغی کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ان کے اس دورے کے دوررس نتائج نکلیں گے اور ضلع چاغی کیلئے مختلف اسکیمات کی منظوری لی جائے گی۔ بلوچستان اور خصوصاً ضلع چاغی کے قبائلی سربراہان قبائلی تنازعات کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ضلع میں امن وامان قائم ہواور لوگوں کے درمیان معمولی رنجشوں کا خاتمہ ہوکر سکون کی زندگی بسر کرسکیں۔ اس سلسلے میں میری ضرورت ہو تو میں ہر وقت حاضر ہوں ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے آبائی علاقے چاغی کے دورے کے دوران دالبندین میں اپنی رہائش گاہ پر ہندو پنچائیت کے وفد سے بھی ملاقات کی۔وفد نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو چاغی کے دورے پر خوش آمدید کہا ۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ملکی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا اہم کردار ہوتا ہے۔ پاکستان کی اقلیتی برادری وزیر اعظم عمران خان سمیت ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے، ہم صدیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے ماحول میں رہ رہے ہیں۔ حکومت اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے کیونکہ اقلیتی برادری ہمارے معاشرے کا اہم جز ہیں۔اپنی جانب سے ضلع چاغی کے اقلیتی برادری کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ کے دورہ چاغی کے موقع پر چیف آف رخشان ریکی قبیلے کے سربراہ سردار عبدالرشید ریکی نے ماشکیل سے نوکنڈی روڈ کا افتتاح کرنے پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک روڈ کے بننے سے پسماندہ علاقوں کے احساس محرومی کا خاتمہ ممکن ہوگا، یہ دونوں علاقوں کے لوگوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔کسی بھی علاقے کی ترقی پختہ سڑک سے وابستہ ہے، اس ضمن میں چیئرمین سینیٹ کی خدمات لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم کا بلوچستان کی ترقی میں اہم کردارہے ، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی
Aug 24, 2021