اسلام آباد (این این آئی) پاکستان فٹ بال فیڈریشن زیرنگرانی الیکشن 2022 کا آن لائن آغاز کردیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد نوید اکرم نے بتایاکہ پہلا مرحلہ 21 اگست سے 20 ستمبر تک مکمل کیا جائے گاجس میں 2015 کی ووٹرلسٹ میں موجود صدر اور سیکرٹری کو بذریعہ پورٹل ایس ایم ایس بھیجا جائے گا تاکہ وہ اپنے کلب اور آفیشلز کی تصدیق کرے کہ وہ اس وقت برقرار ہیں یا اس میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔ اسی ایس ایم ایس پر وہ تصدیق کرکے اپ ڈیٹ دے گا۔ اگر کلب آفیشلز (صدر و سیکرٹری) اور کلب میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے تو انہیں تجدید کلب کیلئے ایک فارم جاری کیا جائے گا جسے ا?ن لائن پر کر کے جمع کروانا ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں کلب آفیشلز اپنے کلب کے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرکے فیڈریشن مطلع کرے گا۔ تیسرے مرحلے میں کلبوں کی رجسٹریشن کی جانچ پڑتال کے بعد کلبوں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ فیڈریشن کلبوں کی فزیکل اسکروٹنی کے بعد کلب کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا فری، فیئر اور ٹرانسپیرنٹ الیکشن کی جانب یہ تاریخی اقدام ہے جس پر عمل پیرا ہوکر نہ صرف 2022 کے الیکشن کو شفاف اور منصفانہ بنانے میں مدد ملے گی، بلکہ مستقبل میں ہونے والے الیکشنز بھی متنازعہ ہونے کے بجائے سب کیلیے قابل قبول اور فروغ فٹ بال میں معاون اور مددگار ثابت ہونگے۔