لاہور(نیوزرپورٹر)چیف ایگزیکٹو لیسکو چوہدری محمد امین کی ہدایات پر لیسکو ہیڈ کوارٹر میں موبائل ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔لیسکو کے ڈائریکٹر جنرل ایڈمن میاں محمد افضل نے لیسکو کی پہلی کرونا موبائل ویکسی نیشن وین کا افتتاح کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرونا کیخلاف حکومتی ہدایات پر بھرپور طریقے سے عمل کیا جائے گا۔اس موقع پرڈی جی ایڈمن کا کہنا تھا کہ ان موبائل ویکسی نیشن وینز کے ذریعے نہ صرف لیسکو کے ملازمین بلکہ عام عوام کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔ ڈی جی ایڈمن نے تمام لیسکو ملازمین کو اس حوالے سے بھی متنبہ کیا ہے کہ ماہ اگست تک ویکسین نہ لگوانے والے افسر و ملازمین کو آئندہ ماہ کی تنخواہ نہیںملے گی۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا کی چوتھی اور خطرناک لہر کے پیشِ نظر لیسکو چیف چوہدری محمد امین نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے مقرر کردہ اہداف کو پورا کرنے کے لئے لیسکو کے زیرِانتظام 5ڈسٹرکٹس میں لوگوں کی سہولت کے لئے موبائل ویکسنیشن ٹیموں کے قیام کی منظوری دی تھی جس کے مطابق یہ موبائل ٹیمیں ڈسٹرکٹس لاہور، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ میں اپنی خدمات سر انجام دئیں گی۔چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد امین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کرونا سے لیسکو ملازمین ،ان کے اہل خانہ اور لیسکو کے معزز صارفین کو بھی محفوظ بنائیں گے۔
لیسکو ہیڈ کوارٹر میں کرونا موبائل ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ افتتاح
Aug 24, 2021