اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستانی قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے۔ میں نہ پہلے دباؤ میں آیا تھا اور نہ اب دباؤ میں آؤں گا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ختم ہو گیا جس میں موجودہ صورتحال، آئندہ کی حکمت عملی، جلسوں سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے جلد الیکشن کروانے کیلئے دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا اور اس کے ساتھ ہی پارٹی قیادت نے کسی بھی طرح کا دباؤ قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان کو ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر بریفنگ دی گئی اور عمران خان کی عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کی گئی۔ متفقہ طور پر طے کیا گیا کہ عمران خان شیڈول کے مطابق جلسے کریں گے۔ عمران خان نے دوران اجلاس کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستانی قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے۔ نہ پہلے دباؤ میں آیا تھا اور نہ اب دباؤ میں آؤں گا۔ ملک کا نظام بہتر کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ عمران خان سے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور کراچی سے نو منتخب ایم این اے محمود مولوی نے ملاقات کی۔ عمران خان نے محمود مولوی نے کامیابی پر مبارکباد دی۔ عمران خان نے عمران اسماعیل کو کامیاب مہم چلانے پر مبارکباد دی۔ عمران خان نے کہا کہ این اے 245 کی مہم میں حصہ لینے والے تمام کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔