لاہور؍ اسلام آباد؍ نیو یارک (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) یوکرائن میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں قائم پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا کہ یوکرین میں موجود تمام پاکستانیوں سے اپیل کی جاتی ہے موجودہ صورتحال کے پیش نظر یوکرائن سے چلے جائیں۔ واضح رہے کہ روس کی جانب سے یوکرائن پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور حملوں میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ قبل ازیں یوکرائن میں امریکی سفارتخانے نے بھی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرائن کی یوم آزادی کے موقع پر روسی حملوں کا خطرہ ہے۔ روس یوکرائن کے شہری انفراسٹرکچر اور سرکاری تنصیبات پر حملے کی کوششیں تیز کر رہا ہے۔ آئی این پی کے مطابق روسی حملوں کے پیش نظر یوکرائن کے یوم آزادی کی تقریبات پر پابندی عائدکردی گئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر زیلنسکی نے اکتیسویں یوم آزادی پر روسی حملے کا خدشہ ظاہرکیا ہے جس کی وجہ سے یوکرائن کے دارالحکومت کیف میں ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے یوکرائنی فورسز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔
روسی حملوں کا خطرہ، پاکستانی شہریوں کو یوکرائن چھوڑنے کی ہدایت
Aug 24, 2022