حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایک اور بدبخت بھارتی سیاستدان نے گستاخانہ بیان دے دیا۔ مسلمانوں کے احتجاج پر گستاخانہ بیان دینے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ٹی راجا سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے ہندو انتہا پسند رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ کو منگل کے روز گستاخانہ تبصرے پر گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ٹی راجا سنگھ کے خلاف مذہبی عقائد کی توہین سے متعلق مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ قبل ازیں بی جے پی رہنما کی جانب سے توہین آمیز تبصرے پر مبنی وڈیو وائرل ہونے پر حیدر آباد سمیت مختلف علاقوں اور پولیس سٹیشنز کے باہر احتجاج شروع ہو گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایم ایل اے ٹی راجا سنگھ نے گستاخی کر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے گستاخانہ بیان دینے والی نوپور شرما کو بڑا ریلیف دے دیا۔ احتجاج پر گستاخ راجا سنگھ کو گرفتار کر کے تھوڑی دیر بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ رہائی کی خبر پر حیدر آباد میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ بھارتی پولیس متعدد مظاہرین کو گرفتار کر کے مختلف پولیس سٹیشنوں میں نظر بند کر دیا۔