نفرت انگیز تقاریر ، خیبر پی کے میں نواز ، شہباز ، فضل الرحمن ، مریم  دیگر کیخلاف مقدمہ کا فیصلہ تھانے میں درخواست


پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے پولیس سٹیشن شرقی میں وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وفاقی کابینہ کے ارکان اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائدین کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست دائر کردی گئی ہے۔ پولیس نے مقدمے کے اندراج کیلئے قانونی ماہرین سے رائے طلب کرلی ہے جس کی روشنی میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پشاور ہائی کورٹ کے وکیل ایڈووکیٹ نور شیر ولد داد شیر نے تھانہ شرقی میں درخواست دائر کی ہے جس میں اُن کے تائید کنندہ اور عینی شاہدین ایڈووکیٹ ارشد اعظم، ایڈووکیٹ تسکین الدین خٹک اور ایڈووکیٹ عمیر اعظم ہیں۔ درخواست میں  بتایا گیا ہے کہ ماضی میں میاں شہباز شریف،  قائد (ن) لیگ نواز شریف، مریم صفدر، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، عطاء اللہ تارڑ، پرویز رشید، ایاز صادق اور فضل الرحمن کے سوشل میڈیا پر کافی ایسے ویڈیو کلپ موجود ہیں جس میں ملزمان نے پاک فوج اور دیگر عسکری قیادت، عدلیہ کیخلاف نفرت انگیز، اشتعال انگیز رویہ اپنا کر مملکت خداد پاکستان کو ہمسایہ دشمن ملک کی ایماء پر کمزور کرنے کی سازش رچی تاکہ پاکستان کی نظریاتی قوت اور سرحدوں کو کمزور کیا جائے جو کہ میرے ملک کی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ کیونکہ ان ملزمان بالا کے تمام ویڈیو بیانات ہر وقت پوری دنیا میں دیکھے اور سنے جاتے ہیں جس سے میرے ملک اور اس کی بہادر غیور بری فوج کی جگ ہنسائی ہوئی ہے، تمام بیانات سوشل میڈیا پر موجود ہیں نیز بطور ثبوت درخواست ہذا کے ہمراہ یو ایس بی میں بھی موجود ہیں۔ واضح رہے کہ ایڈووکیٹ نور شیر مہمند کا تعلق انصاف لائرز فورم سے ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپی کے کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں کے ریاستی اداروں کے خلاف دیئے گئے نفرت انگیز بیانات پر مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کریمنل پروسیجر کوڈ کے سیکشن 196 کے تحت درج کیے جارہے ہیں، مقدمات درج کرنے کے لئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان منیر احمد کو پروسیجر کوڈ کے سیکشن 196 کے تحت اختیارات تفویض کئے گئے ہیں جب کہ مقدمات پاکستان پینل کوڈ کے سیکشنز 108اے، 153اے اور 505کے تحت درج کئے جائیں گے۔ انہوں کہا کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر، سابق وفاقی وزیر و رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور کی شکایت پر مقدمات درج کریں گے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ مقدمات ماضی میں فوج، عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف دیئے گئے نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات کی بنا پر درج کئے جارہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...