نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف مقدمہ پاکستان کا قانونی اور عدالتی معاملہ ہے۔ نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین پر مقدمات کے حوالے سے کہا ہم عمران پر الزامات کے بارے میں رپورٹس سے واقف ہیں۔ سابق وزیراعظم کے خلاف مقدمہ پاکستان کے قانونی اور عدالتی نظام کا معاملہ ہے، یہ براہ راست ریاست ہائے متحدہ کا معاملہ نہیں ہے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ہمارا کسی ایک سیاسی امیدوار پر مؤقف نہیں ہے۔ ہم پاکستان اور دنیا بھر میں جمہوری، آئینی اور قانونی اصولوں کو پرامن طور پر برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہیں۔ دریں اثناء اقوام متحدہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر دہشت گردی کے مقدمے کا نوٹس لے لیا۔ عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفنی ڈوجیرک نے کہا کہ سربراہ اقوام متحدہ انتونیو گوتریس پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف لگائے الزامات سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے آزاد اور غیر جانبدارانہ طریقے سے قانونی کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔ سربراہ اقوام متحدہ نے پرسکون رہنے، تنائو کو کم کرنے اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں پر زور دیا ہے۔
عمران کیخلاف مقدمہ پاکستان کا قا نونی وعدالتی معاملہ ، امریکہ: اقوام متحدہ نے نو ٹس لے لیا
Aug 24, 2022