داتا گنج بخش فلائی اوور کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا: وائس چیئرمین ایل ڈی اے 

لاہور(خبر نگار)لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین نعیم الحق نے داتا گنج بخش فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا، اس موقع پر ممبر گورننگ باڈی انجینئر عامر ریاض قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف انجینئر ٹو مظہر حسین نے وائس چیئرمین کو منصوبے کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فلائی اوور کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ، واک ویز پر کام جاری ہے ۔منصوبے سے ملحقہ سڑکوں کی اپ گریڈیشن بھی کئی گئی ہے۔ وائس چیئرمین نے داتاگنج بخش فلائی اوور اور ملحقہ سڑکوں کی اپ گریڈیشن پراطمینا ن کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ایل ڈی اے نعیم الحق نے کہا کہ شیرانوالہ گیٹ اور ملحقہ علاقے طویل عرصہ سے نظر انداز تھے اور اب داتا گنج بخش فلائی اوور کی تعمیر اوردیگر سڑکوں کی اپ گریڈیشن سے بادامی باغ، نولکھا، مصری شاہ ،شاد باغ،آزادی چوک اور دیگر ملحقہ آبادیاں مستفید ہورہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ نولکھا مارکیٹ،سرکلر روڈ،لوہا مارکیٹ اور بادامی باغ کی سڑکوں کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے ۔ علاقے میں واسا کی طرف سے سٹورم واٹر ڈرین بنائی گئی ہیں اور نئی سیوریج لائنز بھی ڈالی گئی ہیں۔ ممبر گورننگ باڈی عامر ریاض قریشی نے کہا کہ داتا گنج بخش فلائی اوور سے روزانہ ایک لاکھ30ہزار سے زیادہ گاڑیوں کو فائدہ ہورہا ہے۔فلائی اوورکی تعمیر کے نتیجے میں ٹریفک کو سگنل فری راستہ میسر آیا ہے ۔ یہ فلائی اوور ایک کلومیٹر طویل او ر دودو لینز پر مشتمل ہے ۔ یہ ماحول دوست منصوبہ ہے ،اس سے آلودگی میں کمی ہوگی اور شہریوں کے قیمتی وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن