منی بجٹ ،نئے ٹیکسز عوام پر خود کش حملہ ہے: ذکر اللہ مجاہد 

 لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہدنے منی بجٹ اورنئے ٹیکسز کو عوام پر حکومت کا خود کش حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ یوٹیلیٹی بلز ادا کرنے سے قاصر ہیں اورا یسے میں ظالم حکمران منی بجٹ لے آئے ہیں۔ لوگ پہلے ہی بجلی ، پٹرول، گیس اوراشیاءضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کی وجہ بدحال ہوچکے ہیں۔ ایسے میں آئی ایم ایف کے ایما پر قوم پر مسلط کئے جانےوالے منی بجٹ اور ٹیکسوں کا بوجھ کیسے اٹھائیں گے۔نااہل حکومت کے ایک طرح کے منی بجٹ میں نئے ٹیکسز لگانے کی تیاری ملک کو افراتفری اورخانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کا منظم منصوبہ ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے اور منی بجٹ کے ذریعے عام آدمی پر ٹیکسز مسلط کرنے کی پرروز مذمت کرتے ہوئے میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا بجلی کے بلوں پر لیا گیا نوٹس سابقہ وزیر اعظم عمران خان کی طرح کا ہی ایک نوٹس ہے۔ قوم کرپٹ نظام اور بے حس حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف گھروں سے باہرنکلے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے اور ان ظالم حکمرانوں کا راستہ روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

ای پیپر دی نیشن