کوئٹہ( این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی نے پی ڈی ایم اے کا دورہ کیا ، پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم اور کال سنٹر کا معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزوزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی پی ڈی ایم اے کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیا ء اللہ لانگو اور چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی نے پی ڈی ایم اے کے دورے کے موقع پرکنٹرول روم اور کال سنٹر کا معائنہ کیا اورپی ڈی ایم اے حکام کی جانب سے موسم کی صورتحال اور امدادی سر گرمیوں پر بریفنگ بھی دی گئی ۔ اس موقع پر پی ڈی ایم اے میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا،جس میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائز ہ لیا گیا۔ اجلاس میں بر یفنگ میں بتایا گیا کہ آج سے مزید بارشوں کی پیش گوئی ہے جو مزید تین دن جاری رہیں گی کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں نقصانات کی ایک بڑی وجہ آبی گزرگاہوں اور نالوں پر تجاوزات ہیں ۔ اجلاس میں فیصلے کئے گئے کہ امدادی سرگرمیوں کو مزید مربوط کرنے مواصلاتی رابطوں کی بحالی کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات ،پاک فوج مواصلاتی رابطوں کی بحالی اور عارضی پلوں کی تعمیر میں معاونت کریگی،جن ڈیموں پر دباؤ ہے انکی مسلسل نگرانی اور مضبوطی کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نقصانات کے جائزہ لینے کے لئے مشترکہ سروے جاری،پاک فوج بھی معاونت کریگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آبی گزرگاہوں اور نالوں پر غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے جاری اقدامات کو تیز کر نے اور مواصلاتی رابطوں کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کی لئے بھاری مشنری کرایہ پر حاصل کی جائے گی۔ اجلا س سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہاکہ شدید بارشوں سے ایک بڑا ڈیزاسٹر پیدا ہواہے سیلاب سے صرف ایک دو نہیں بلکہ تما م اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام ادارے اپنی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق کام کر رہے ہیں،صوبائی حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق تمام وسائل بر وئے کار لائے جارہے ہیں،صوبائی حکومت نے پی ڈی ایم اے اور ڈپٹی کمشنروں کو فوری ضروریات کے لئے فنڈز فراہم کر دیے ہیں۔کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا کہ اس وقت پاک فوج کے 4500 جوان اور افسران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیںپاک فوج کے ٹروپس متاثرہ علاقوں میں قیام پذیر ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے میں مدد کریں۔