لاہور(خبرنگار) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ ضلع قصور دریائے ستلج میں تلوار پوسٹ پر اس وقت پانی کا بہاو 1لاکھ 18 ہزار کیوسک ہے۔ کوٹھی فتح محمد، باقر کے عطر سنگھ والا، تتارا کامل، تلوار پوسٹ، گنڈا سنگھ والا سمیت دیگر علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری ہے۔ 11 میڈیکل کیمپس میں اینٹی سنیک بائٹ، اینٹی ریبیز، سکن ڈزیزز اور واٹر بارن ڈزیزز کی میڈیسن وافر مقدار میں موجود ہیں۔کوٹھی فتح محمد سے گزشتہ 24گھنٹوں میں 912 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔کمشنر لاہور نے کہا کہ اب تک کل 40ہزار 913لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں سے 19ہزار 5سو مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں کے تیسرے مرحلے میں 26ہزار افراد کو کھانا مہیا کیا گیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ایم سی ایل، ایل ڈی اے، واسا کے تمام ریسورسز قصور انتظامیہ کی صوابدید پر دے دئیے گئے ہیں۔ 11 میڈیکل کیمپس سے7531 افراد کو طبی امداد و ادویات دی گئی ہیں۔ موبائل ہسپتالوں میں 11سو لوگوں کا علاج معالجہ کیا گیا ہے۔کمشنر لاہور نے کہا کہ چونیاں و تلوار پوسٹ پر انتظامی مشینری کا فل بیس کیمپ قائم ہے۔ریلیف آپریشن کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے۔ تمام محکمے دن رات متاثرین کی مدد و بحالی میں مصروف ہیں۔ چوبیس گھنٹے ڈیوٹی روسٹر کیمطابق ٹیمیں موجود ہیں۔ دفعہ 144کے تحت خالی کرائے گئے 15 دیہاتوں کی حفاظت کیلیے 8 پولیس چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔ سیلاب متاثرین کیلئے کیمپس میں تمام سہولیات میسر ہیں۔ڈی سی قصور خود نگرانی کررہے ہیں۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ ریسکیو بوٹس 93، بیڑے 3 مسلسل سیلابی علاقوں میں متحرک ہیں۔ سیلاب متاثرہ ایریاز میں 13فلڈ ریلیف کیمپس، 11میڈیکل کیمپس اور 4لائیو سٹاک کیمپس کام کررہے ہیں۔