اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا ریاستی رٹ تسلیم کرنے تک شکار جاری رہے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بدھ کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے عسمان منزہ کے قریب شیروانگی کے علاقے کا دورہ کیا جہاں گزشتہ روز چھ بہادر فوجیوں نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔ آرمی چیف کو انٹیلی جنس اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سمیت موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے علاقے میں تعینات افسران اور فوجیوں سے بات چیت کی اور دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے میں ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہداءہمارا فخر ہیں اور پاکستان میں مکمل امن و استحکام کی واپسی کیلئے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے ملک دشمن ایجنڈے کے تحت کام کرنے والے دہشت گردوں، ان کے ساتھیوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کا ریاست پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈالنے تک پیچھا کیا جائے گا۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف
دہشتگردوں ، انکے ساتھیوں اور حوصلہ افزائی کرنیوالوں کا ہتھیار ڈالنے تک پیچھا کیا جائے گا : آرمی چیف
Aug 24, 2023