خدا کا خوف کریں، آرڈر دیں پھر تو بی کلاس سہولیات دو گے ناں: ہائیکورٹ 

Aug 24, 2023

لاہور (خبر نگار) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 9 مئی سانحہ پر تھانہ شادمان کو جلانے اور توڑپھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 روز کی توسیع کر دی۔ اعجاز چوہدری کے خلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ درج ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد وحید خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اعجاز چوہدری کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت 28 اگست تک ملتوی کر دی۔ وکیل پنجاب حکومت نے موقف اپنایا کہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ طبعیت ناساز ہونے کے سبب پیش نہیں ہو سکتے۔ درخواست گزار وکیل نے موقف اپنایاکہ عدالتی حکم پر عمر سرفراز چیمہ کو بی کلاس سہولیات دے دی گئیں لیکن اعجاز چوہدری کو سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ اعجاز چوہدری پر دہشت گردی کے مقدمات ہیں، سنگین الزامات ہیں، عدالت نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا خوف کریں عدالت آرڈر پاس کر دیں تو پھر تو بی کلاس سہولیات دو گے ناں، آپ متعلقہ حکام کو آن بورڈ لیں اور عدالت کو آگاہ کریں۔ سلمیٰ اعجاز چوہدری کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے کسی قانونی جواز کے بغیر درخواست مسترد کر دی۔ عدالت جیل حکام کو اعجاز چوہدری کو جیل میں بی کلاس جیل کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے۔ جسٹس سلطان تنویر احمد نے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے افتخار حسین کے بیٹے کی بازیابی اور ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پر آئی جی پنجاب سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل فرخ لودھی نے سرگودھا پولیس کی جانب سے ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار کے بیٹے ضیاءالرحمن کو گرفتار نہیں کیا، وہ پولیس کو کسی مقدمہ میں مطلوب نہیں ہے۔ افتخار حسین نے موقف اپنایا کہ بیٹے ضیاءالرحمن کو پولیس گھر سے اٹھا کر لے گئی، بیٹا ضیاءالرحمن کسی مقدمہ یا سیاسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت درخواست گزار کے بیٹے کی بازیابی کے احکامات جاری کرے۔ عدالت پولیس کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔
ہائیکورٹ 

مزیدخبریں