حضرت بہاءالدین زکریاؒکا عرس شروع‘چادر پوشی پر چچا بھتیجا الجھ پڑے

ملتان(سماجی رپورٹر)برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بہاءالدین زکریا ملتانی ؒ کے 784 ویں سالانہ عرس کا ملتان میں آغاز ہو گیا ہے، سجادہ نشین شاہ محمود قریشی گرفتاری کے باعث عرس تقریبات کی صدارت نہ کر سکے۔ ان کے صاحبزادے زین حسین قریشی نے چادر پوشی شروع کی تو ان کے چچا مرید حسین بھی قریشی پہنچ گئے، زین حسین قریشی سے الجھ پڑے اور کہا کہ میرے بغیر چادرپوشی شروع کرنے کی جرات کیسے کی، قریشی خاندان نے دجال پیدا کیا ہے، میں سجاد حسین کا بیٹا ہوں، یہ سیاست نہیں ہے میرے دادا کی مزار ہے۔ جب تک میں زندہ ہوں اور جب تک میری سانسیں ہیں تمہاری جرات نہیں ہے، دربار کو سیاست کی نذر نہ کرو۔۔ مزار کی چادر پوشی کے بعد درگاہ کے احاطے میں زکریا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تو اس موقع پر بھی مرید حسین قریشی جماعت غوثیہ کو شاہ محمود قریشی کے حق میں نعرے لگانے سے روکتے رہے اور علماءکی جانب سے شاہ محمود کی تعریف کرنے پر خفگی کا اظہار کیا، مرید حسین قریشی نے شاہ محمود قریشی کے حق میں نعرے لگانے والے جماعت غوثیہ کے ایک رضاکار کو بھی جھاڑ پلا دی۔ عرس تقریب سے زین حسین قریشی نے کوئی خطاب نہ کیا اور خاموشی اختیار کئے رکھی تاہم زکریا کانفرنس کی پہلی نشست کے اختتام پر مرید حسین قریشی نے زائرین سے مختصر خطاب کرتے ہوئے انہیں عرس کی مباکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے ذکراذکار کرایا اور کلمہ کا ورد کراتے رہے۔ زکریا کانفرنس میں نقابت کے فرائض ڈاکٹر صدیق خان قادری نے سرانجام دئیے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علماءکرام نے کہا کہ اولیاءاللہ کے مزارات رحمت خدواندی کے مراکز ہیں۔ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ اولیاءاللہ کی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔ قومی زکریا کانفرنس کی پہلی نشست سے علامہ محمد فاروق خان سعیدی‘ خواجہ راول معین کوریجہ‘ مفتی غلام مصطفی رضوی‘ پیر سید رمضان شاہ فیضی‘ علامہ سید احمد سعید کاظمی‘ مفتی محمد عثمان پسروری نے خطاب جبکہ حمید نواز عاصم‘ وحید نواز‘ حامد نواز‘ منیر حسین ہاشمی‘ ملک عمران یوسف نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ قومی زکریا کانفرنس میں مخدومزادہ سجاد حسین قریشی‘ پیر سید علی حسین شاہ سجادہ نشین دگاہ چادر والی سرکار‘بریگیڈیئر (ر) مقصود قریشی‘ پیر سیف احمد قریشی‘ پیر سید کاظم علی شاہ‘ حاجی جاوید اختر انصاری‘ غلام مہلی‘ پیر ارشاد حسین قریشی‘ ملک ظہور احمد مہے‘ مخدوم غوث عالم شاہ گیلانی‘ناصر رضاقریشی‘ محمد رضا قریشی‘ سید علی اکبر شاہ‘ سید آصف قریشی‘ روشن چراغ قریشی، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف ضیائ المصطفیٰ، منیجر اوقاف سید ایاز الحسن گیلانی اور سندھ سمیت ملک بھر سے زائرین اور علمائ و مشائخ نے شرکت کی۔
عرس شروع

ای پیپر دی نیشن