محکمانہ ترقی ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے،ڈاکٹر اکبر ناصر

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے سی پی او ہیڈکوارٹرز کے ہمراہ نئے ترقی پانے والے ایس ایس پی شعیب خرم جانباز کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کے رینک لگائے،ان کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سروس میں محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے امید کرتاہوں کہ قانون کے یکساں نفاذ ،میرٹ کی پاسداری اوربہترین سروس کی فراہمی سے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں انہوں نے کہاکہ تمام سینئر افسران بہترین قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ماتحت عملے سے بہترین کارکردگی لیں تاکہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوسکیں،پولیس فورس کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں سینئرافسران کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے افسران پیشہ وارانہ خدمات کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی خدمت کواپنا شعار بنائیں ، جرائم کے قلع قمع کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلائیں،اس موقع پر نوترقی پانے والے نئے ڈی آئی جی شعیب خرم جانبازنے آئی سی سی پی او کا شکریہ ادا کیا۔کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی کے ساتھ عوامی خدمت اور تحفظ کے اصولوں کے مطابق پیشہ وارانہ خدمات انجام دیتے ہوئے پولیس فورس کی بہتری اور دیگر امور کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گاڈی آئی جی شعیب خرم جانباز اسلام آباد کیپیٹل پولیس میں بطورسی پی او سیف سٹی/ٹریفک اپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن