کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ لگتا نہیں ہے جمہوریت کا مستقبل روشن ہے۔آرٹس کونسل کراچی میں جمہوریت کے مستقبل کے عنوان سے منعقدہ پروگرام میں سیاسی رہنماﺅں نے شرکت کی۔تقریب سے ن لیگ کے محمد زبیر، پیپلز پارٹی کے تاج حیدر اور نیشنل پارٹی رہنما اور سابق وزیراعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے خطاب کیا۔محمد زبیر نے کہا کہ جیسے جمہوریت چلتی آئی ہے لگتا نہیں مستقبل روشن ہے، 2013 کے بعد جمہوریت پر بم باری کی گئی۔انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری قوتوں نے 2 سیاسی جماعتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پی ٹی آئی بنائی۔تاج حیدر نے کہاکہ جمہوری جدوجہد میں عوام کا سیاسی شعور بلند ہوا ہے۔عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ سیاسی جماعتیں عوام کو منظم کریں ورنہ شکوے ختم نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انقلاب کا مطالبہ ان سیاسی جماعتوں سے کیا جارہا ہے جو انقلابی نہیں۔
محمد زبیر
جیسے جمہوریت چلتی آئی ‘ نہیں لگتا مستقبل روشن ہے، محمد زبیر
Aug 24, 2023