راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد پنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹنے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں، موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایم ڈی واسا کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے سبب رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ شہر میں نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری و عملہ نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ نالہ لئی اور دوسرے نالوں کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔دوسری جانب آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں غذر اور دیربالا میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے بعد لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، پشاور، صوابی اور سوات سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی آج بادل برسنے کا امکان ہے۔بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کی وجہ سے بارشوں کا سلسلہ 27 اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے، 25 اور 26 اگست کے دوران ڈیرہ اور اس سے ملحقہ شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔