بھارت کی مشرقی ریاست میزورام میں زیر تعمیر ریلوے پُل گرنے سے 22 مزدور ہلاک جبکہ متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پل گرنے سے حادثہ میزورام کے دارالحکومت ایزاول سے 20 کلومیٹر دور میانمار کی سرحد کے قریبی علاقے سیرانگ نامی قصبے میں پیش آیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار کا بتایا تھا کہ 17 لاشیں نکال لی گئیں اور کئی دیگر مزدور لاپتا ہیں، لوگوں کے لاپتا ہونے سے متعلق اطلاعات کی فوری طور پر تصدیق ممکن نہیں تھی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثے کے وقت پُل پر 40 کارکن تعمیراتی کاموں میں مصروف تھے، حادثے کی وجہ کے لیے ریلوے اتھارٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔واضح رہے کہ بھارت میں بڑے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے دوران اس طرح کے حادثات عام طور پر پیش آتے رہتے ہیں۔
رواں ماہ مغربی بھارت میں کم از کم 20 مزدور اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب معاشی حب ممبئی کے باہر زیر تعمیر ایکسپریس وے کے اوپر ایک کرین گر گئی تھی۔
گزشتہ سال اکتوبر میں گجرات میں مرمت کے فوری بعد پل گرنے سے 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔