پی سی بی نشریاتی حقوق مختص کردہ رقم سے تقریباً آدھی قیمت پر فروخت 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں اگست 2024 سے دسمبر 2026 تک کی مدت کیلئے ہونیوالے میچز کیلئے اپنے نشریاتی حقوق صرف 1 ارب 72 کروڑ روپے میں فروخت کیے ہیں جو اس کی مختص کردہ رقم 3 ارب 20 کروڑ روپے سے 1 ارب 48 کروڑ روپے کم ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ نشریاتی حقوق 28 ماہ کیلئے ایک شفاف ٹینڈر کے ذریعے دیے گئے ہیں، اس دوران پاکستان مجموعی طور پر 11 ٹیسٹ میچز کی میزبانی کریگا، جس میں25-2024 کے سیزن میں کھیلے جانے والے 7 ٹیسٹ میچز بھی شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم 26 ون ڈے اور 24 ٹی 20 میچز بھی کھیلے گی۔ پاکستان ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی دو سہہ فریقی ون ڈے سیریز کی میزبانی بھی کریگا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی کو ملنے والی رقم مقررہ قیمت سے 1 ارب 48 کروڑ روپے کم ہے۔ پی سی بی نے پہلے ریزرو قیمت 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کی تھی لیکن پھر اسے کم کرکے 2 ارب 20 کروڑ روپے کردیا گیا دوبارہ 3 ارب 20 کروڑ مقرر کردیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن