پنڈی ٹیسٹ، شادمان نروس نائنٹیز کا شکار، بنگلہ دیش کے 5 وکٹوں پر 316 رنز

لاہور(سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر316 رنز بنا لئے جبک‘ مہمان ٹیم کو خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید 132 رنز درکار ہیں۔راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش کے اوپنر شادمان اسلام 93 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مومن الحق مشفق الرحیم اور لٹن داس نے نصف سنچریاں سکور کیں۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے دو جبکہ نسیم شاہ، محمد علی اور صائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے448رنز کے تعاقب میں پاکستان کیخلاف محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا ۔ ابتدا میں ذاکر حسن اور کپتان نجم الحسین شانتو کی وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا، دونوں باالترتیب 12 اور 16 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ 31 کے مجموعی سکور پر نسیم شاہ نے ذاکر حسن کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ دوسری وکٹ 53 رنز پر گری جب کپتان نجم الحسن شانتو خرم شہزاد کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ کی شرکت میں شادمان اسلام اور مومن الحق نے سکور کھانے کے وقفے تک 134 رنز تک پہنچایا۔کھانے کے وقفے کے بعد مومن الحق 50 رنز بنا کر خرم شہزاد کا شکار ہو گئے۔147 رنز پر تیسری وکٹ گرنے کے بعد شادمان اسلام اور مشفق الرحیم کے درمیان 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ چائے کے وقفے سے قبل شادمان اسلام 93 رنز پر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ شکیب الحسن 15 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ خرم شہزاد نے دو جبکہ نسیم شاہ، محمد علی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ مشفق الرحیم 55 اور لٹن داس52 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔بنگلہ دیشی ٹیم 316 رنز 5 کھلاڑیوں کے نقصان پرآج دوبارہ کھیل کا آغاز کریگی جبکہ سکور برابر کرنے کیلئے مزید 132رنز درکار ہیں۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 6 وکٹوں پر 448 رنز پر ڈکلیئر کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن