عیشہ پیرزادہ
eishapirzada1@hotmail.com
سر کے بال ہماری شخصیت کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی اچھی صحت کے لیے بہترین خوراک، آئل، شیمپو اور نہ جانے کیا کیا ٹوٹکے استعمال ہوتے ہیں لیکن اتنی جدو جہد کے باوجود بھی ہم دیکھتے ہیں کہ خواتین اور خصوصا مرد گنج پن میںمبتلا ہوجاتے ہیں۔سر کے بالو ںکی اچھی صحت اور میڈیکل سائنس میں گنج پن کے علاج سے متعلق آج ہم نے نوائے وقت صحت ایڈیشن کے لیے ڈاکٹر برہان اشرف جو امریکن بورڈ سے کوالیفائیڈ کنسلٹنٹ، ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجن ڈرماٹولوجسٹ ہیں اور اس وقت میو ہسپتال لاہور میں اپنی خدمات سر انجام دے ہیں سے اہم سوالات پر خصوصی گفتگو کی جو نذر قارئین ہے۔
نوائے وقت: گنج پن کی علامات خواتین اور مردوں میں یکساں ہوتی ہیں یا مختلف ؟
ڈاکٹر برہان اشرف: گنج پن خواتین اور مردوں دونوں میں دیکھنے کو ملتا ہے لیکن مردوں اور خواتین میں اس کی علامات مختلف ہیں۔ مردوں میں بال پیشانی کے اوپر سے اور سر کے درمیانی حصے سے گرنا شروع ہوتے ہیں، اگر بروقت ٹریٹمنٹ نہ کروائیں تو آہستہ آہستہ سر کے سامنے کا حصہ بالوں سے صاف ہونے لگتا ہے اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ سر کا سامنے والا حصہ بالوں سے محروم ہوجاتا ہے۔ خواتین میں ایسا نہیں ہوتا۔ ان میں گنج پن کی علامات مختلف ہیں۔ ان کی درمیان کی مانگ چوڑی ہونے لگتی ہے اور آخر میں بس ہیئر لائن کی ایک جھالر رہ جاتی ہے۔
سوال: خواتین میں گنج پن کی کیا شرح ہے؟
ڈاکٹر برہان اشرف: پاکستان میں ہر دس میں سے چار خواتین میں ہیئر لوس ہے۔لیکن خواتین توٹوٹکوں پر لگ جاتی ہیں اور ڈاکٹر سے ڈسکس کرنا مناسب نہیں سمجھتیں۔خواتین میں گنج پن کی وجوہات مختلف ہوتی ہیں۔ بعض اوقات ہارمونل تبدیلی یا وٹامنز کی کمی کے باعث یہ مسئلہ ہوتا ہے اور بعض اوقات ان میںجینیاتی ہسٹری کی وجہ سے بھی یہ مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔
سوال: سر کے بال گرنے کے عمل میں جینیاتی
عوامل کا کتنا عمل دخل ہوتا ہے؟
ڈاکٹر برہان اشرف: 70 سے 80 فیصد لوگوں میں گنج پن جینیاتی ہسٹری کی وجہ سے سامنے آتا ہے۔مردوں میں اسے جینیٹک ایلوپیشیا کہا جاتا ہے اور خواتین میں اسے فی میل پٹرن ہیئر لوس کہا جاتا ہے۔ ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نوجوانوں میں گنج پن زیادہ جلدی سامنے آرہا ہے۔ یعنی اگر کسی کے والد کو یہ مسئلہ 40 سال کی عمر میں ہوا تھا تو اب ان کے بیٹے میں گنج پن 25 سال کی عمر میں آیا۔ یعنی ہر جنریشن میں یہ مسئلہ پچھلی جنریشن کے مقابلے میں جلدی دیکھنے میں آرہا ہے۔
سوال:اگر کسی کے بال گر رہے ہیں اور یہ ابتدائی سٹیج ہے تو میڈکل سائنس میں اس کا کیا ٹریٹمنٹ موجود ہے؟
ڈاکٹر برہان اشرف:ہمارا یہ المیہ ہے لوگ مکمل طور پر گنجے ہو کر ہیئر ٹرانسپلانٹ کے لیے آتے ہیں۔ایسا نہیں ہونا چاہیے۔جب بال گرنا شروع ہوں تو آپ کوالیفائیڈ ڈاکٹر کے پاس جائیں۔ڈاکٹر مسئلے کی وجہ معلوم کرے گا اور وجوہات کوسامنے رکھتے ہوئے بروقت ادویات سے علاج کرے گا۔اگر مسئلہ جینز کی وجہ سے ہے تو ادویات سے بال گرنے کے عمل کو سست کیا جاسکتا ہے۔ یعنی اگر آپ نے اگلے پانچ سال تک مکمل گنجا ہوجانا ہے تو ادویات سے اس عرصے کو دس سال تک لے جایا جاسکتا ہے۔ملٹی وٹامنز، سپریز،پی آر پی ٹریٹمنٹ،تھریڈز اور دیگر طریقہ علاج تجویز کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان میں یہ تمام تریٹمنٹس میسر ہیں۔
سوال:ہیئر ٹرانسپلانٹ کے لیے مریض اپنے معالج کا انتخاب کرتے ہوئے کن عوامل کو مدنظر رکھے؟
ڈاکٹر برہان اشرف: ہیئر لوس ایک سپیشلائزڈ فیلڈ ہے۔آپ جس کسی کے پاس جا رہے ہیں اس کے بارے میں تسلی کر لیں کہ وہ کوالیفائیڈ اور تجربہ کار ڈاکٹر ہو۔انٹرنیٹ سرچ اس سلسلے میںمددگار ثابت ہوتی ہے۔
سوال: اکثر کیسز میں ہیئر ٹرانسپلانٹ کے باوجود نئے بال نہیں آتے ،اس کی کیا وجہ ہے؟
ڈاکٹر برہان اشرف: اس میں یہ دیکھنا ضروری ہے کہ مریض کا ڈونر ایریا کیسا ہے؟ سر کے پیچھے سے لیا جانے والے بال جو آگے لگائے جاتے ہیں اگر وہ کمزور ہیں تومریض کو بتانا چاہیے۔ کیونکہ اس صورتحال میں اکثر ہیئر ٹرانسپلانٹ ناکام ہوجاتا ہے۔ اگر تو مریض پھر بھی بضد ہوکہ کمزور ڈونر ایریا ہونے کے باوجود اس کا ٹرانسپلانٹ کریں تو یہ مریض کی ہی منشا ء کے مطابق ٹرانسپلانٹ ہوگا۔
دوسرا مسئلہ سکن کا بھی ہوسکتا ہے کہ جلد بالوں کی پرورش نہیں کر پاتی تب بھی نئے بال نہیں آتے۔تیسری وجہ ٹیکنیک کی بھی ہو سکتی ہے۔ایک اچھے ٹرانسپلانٹ کے 90 سے 80 سے فیصد کامیابی کے چانسز ہوتے ہیں۔
سوال: کیا نوجوانوں میں صحت مند خوراک نہ لینے کی وجہ سے بھی ہیئر لوس ہوتا ہے؟
ڈاکٹر برہان اشرف:جی ہاں، فاسٹ فوڈ ،ملاوٹ شدہ اشیاء اور کمیکلز پر مبنی اشیاء استعمال کرنے سے بال گرنے کے عمل میں تیزی آتی ہے۔ اس سے ڈونر ایریا یعنی سر کا پچھلے حصے کے بال بھی پتلے ہوجاتے ہیں۔ ہمارے پاس آنے والے ہر دوسرے شخص کا یہ مسئلہ ہے۔
سوال: ہمارے یہاں یہ تصور کیا جاتا ہے کہ بچوں کی جتنی زیادہ گنج کروائی جائے گی اس کے بال اتنے ہی مضبوط آئیں گے جو اسے نوجوانی میں گنج پن سے بچائے گی،کیا یہ تاثر درست ہے؟
ڈاکٹر برہان اشرف: اس تھیوری سے میڈیکل سائنس متفق نہیں۔ اگر کسی بچے کی جنیٹک میں یہ لکھا ہوگا کہ وہ 25 سال کی عمر میں گنجا ہوگا تو وہ 25 سال کی عمر میں لازمی گنجا ہوگا۔ آپ بچپن میں جتنا مرضی استرا لگوا لیں اس نے بڑے ہو کر لازمی گنجا ہونا ہے۔
سوال: ہیئر لوس کے خاتمے کے لیے نامور کمپنیز کے فارمولا تیل مارکیٹ میں دستیاب ہیں،یہ ہمیں کتنا بال گرنے سے بچا سکتے ہیں؟
؎ڈاکٹر برہان اشرف: آئل آپ کے بالوں کو چمکدار بناتا ہے۔لیکن آپ کے جڑوں کے لیے کار آمد نہیں ہے۔ایسا آئل ابھی تک نہیں آیا جو بالوں کی جڑوں میں جاکر کام کرے جب تک کہ معالج تیل میں خاص طرح کے سالٹ اور میڈیسن مکس کرنے کے لیے نہ دے دے۔