ہائیکورٹ : الیکشن ایکٹ میں ترامیم ‘ حکومت، الیکشن کمیشن ‘ فریقین کو 30 اگست کیلئے نوٹس  

Aug 24, 2024

 لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو 30 اگست کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ۔عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو ستائیس اے کا نوٹس جاری کر دیا۔ فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست میں اہم قانونی نقاط اٹھائے گئے ہیں‘ اْٹھائے گئے آئینی اور قانونی نکات کی وضاحت ضروری ہے۔ جسٹس شکیل احمد نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی وزیر اعظم، اپوزیشن لیڈر، سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میںکہا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کرکے اس کا اطلاق ماضی سے کیا گیا ہے‘ کسی بھی قانون کا اطلاق ماضی سے نہیں کیا جاسکتا، الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے سپریم کورٹ کی نشستوں کے فیصلے کو بے اثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے، اس نام سے کوئی پارٹی الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہے۔

مزیدخبریں