جلوس کے روٹ‘مزار کے گردونواح کی عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے:سی سی پی او 

Aug 24, 2024

لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی صدارت میں کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوسوں اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ عرس حضرت داتا گنج بخش پر6ایس پیز،22ڈی ایس پیز،79ایس ایچ اوز، 297اپر سبارڈنیٹس اور3800 سے زائد پولیس اہلکارسکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے۔چہلم حضرت امام حسینؓپر72 مجالس اور34 جلوس برآمد ہونگے۔ 10ایس پیز،25ڈی ایس پیز،85ایس ایچ اوز،407اپر سبارڈنیٹس اور4ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔مرکزی جلوس کے 11انٹری پوائنٹس پر 6ایلیٹ کی ٹیمیں، 12پی آر یو کی ٹیمیں اور17ڈولفن ٹیمیں پٹرولنگ پر مامور ہونگی جبکہ خواتین عزاداروں اور زائرین کی سکیورٹی کیلئے خواتین پولیس اہلکارتعینات ہوں گی۔عزاداران اورزائرین کو تین درجاتی چیکنگ میکانزم سے مکمل تلاشی کے بعد چہلم کے جلوس اور احاطہ مزار میں داخلے کی اجازت دی جائیگی۔جلوس کے روٹ اور مزار کے گردونواح کی عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے۔چہلم جلوس کے روٹ اورداتا دربار کی ملحقہ گلیاں مکمل طور پر سیل ہوں گی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ چیکنگ و سکیورٹی کیلئے واک تھرو گیٹس،میٹل ڈیٹیکٹرز، بیریئرزاور خاردار تاروں کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ جلوسوں،مجالس کی جگہوں اور داتا دربار کے اطراف روشنی کا بہترین انتظام کیا جائے۔ سکیورٹی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائیگی۔

مزیدخبریں