لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر سرکاری و پرائیوٹ دفاتر کیخلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔صوبائی وزراء صحت کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ساتواں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرائے صحت نے اجلاس کے دوران لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور بہاولپور کے اضلاع میں ڈینگی اور منکی پاکس کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب نے متعدی اور وبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ دی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا تمام محکمے اپنے دفاتر میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کیلئے فوکل پرسن نامزد کریں اور لاروا کی عدم موجودگی کا سر ٹیفکیٹ دیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا حالیہ بارشوں کے بعد ہمیں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے الرٹ رہنا ہوگا۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کو مانیٹر کریں۔ حساس اضلاع لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسدادِ ڈینگی سرویلنس سرگرمیوں کو بڑھایا جائے۔ تمام سیکرٹریز اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔