(ن) لیگ غلط فہمیاں پیدا کر رہی‘ بانی کے فیصلے میں کسی کا دخل نہیں: بیرسٹر سیف

پشاور (بیورو رپورٹ) مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر سیف نے کہا ہے رانا ثنا اور دیگر لیگی رہنما 8 ستمبر کا انتظار کریں انہیں لگ پتا جائے گا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرانی روش پر چل کر جلسے کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں، ان کے غیر ذمے دارانہ بیانات فوج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کی کوشش ہے، رانا ثناء اللہ سمیت تمام لیگی رہنما 8 ستمبر کا انتظار کریں لگ پتا جائے گا، کل کا جلسہ عمران خان کی ہدایت پر ملتوی کیا گیا تھا، تمام تر تیاریاں مکمل تھیں، عمران خان کے حکم کے آگے سرتسلیم خم کیا۔ کسی بھی انتشار سے بچنے کے لیے جلسہ ملتوی کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں بڑا قافلہ جلسے میں شرکت کرے گا۔ ترجمان خیبر پی کے حکومت بیرسٹر سیف نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق نے جلسے  سے متعلق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے رابطہ نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ کی بانی پی ٹی آئی سے بات نہیں ہوئی۔ جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی نے ذاتی طور پر کیا‘ بانی سے جلسے کے دن ملاقات میں حکومت یا ادارے کا عمل دخل نہیں۔ رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا اب یہ فیصلہ اٹل ہے کہ 8 ستمبر کا جلسہ ہر حال میں ہو گا۔ گزشتہ شام تک مجھے زیادہ معلومات نہیں تھیں۔ بانی پی ٹی آئی کو اطلاع تھی کہ کچھ نہ کچھ ہو سکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بھاری دل کے ساتھ جلسہ مؤخر کیا تھا۔ جلسہ منسوخی کو میں کسی کی ہار یا جیت قرار نہیں دے سکتا۔ رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صبح جب اٹھا تو پتہ چلا کہ جلسہ منسوخ ہو گیا۔ معلوم ہوا بانی پی ٹی آئی نے جلسہ کینسل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن