مریم نواز سے جرمن وزیر کی ملاقات، کلین انرجی، کلائمیٹ فرینڈلی منصوبوں میں اشتراک پر اتفاق

Aug 24, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے جرمن وزیر برائے اقتصادی تعاون و ترقی مسز سوینجا شولز کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ موسمیاتی تبدیلی اور تحفظ ماحولیات سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ تجارت اور سرمایہ کاری میں دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جرمنی کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے 91.1 ملین یورو کی امداد پر اظہار تشکر کیا۔ کلین انرجی اور کلائمیٹ فرینڈلی پراجیکٹس میں اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہیں۔ پہلی مرتبہ ماحولیات کیلئے بجٹ میں 400فیصد اضافہ کیا۔ سموگ اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کیلئے ضروری اقداما ت کیے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پائیدار انرجی کیلئے پاکستان کو 24 ملین یورو فراہم کرنے کے اقدام کو قابل تحسین قرار دیا۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کیلئے جرمنی کی معاونت کو سراہتے ہیں۔ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ پاک جرمن معاشی تعلقات دن بدن بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں متعدد جرمن کمپنیوں کا اشتراک کار قابل تحسین امر ہے۔ ملکی ترقی میں خواتین کے معاشی کردار کو بتدریج بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ پلگ اینڈ پلے ٹیکسٹائل یونٹس اور گارمنٹس سٹی پراجیکٹس سے خواتین کی معاشی خود محتاری بڑھے گی۔ سکلڈ خواتین گارمنٹس انڈسٹری میں شاندار روزگار حاصل کر سکیں گے۔ قائداعظم بزنس پارک کے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر میں خواتین کو ٹریننگ کے ساتھ ساتھ سکالر شپ بھی دیا جائے گا۔ تمام شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دے رہے ہیں۔ پنجاب کی تمام انڈسٹریز میں ورکرز سیفٹی اور ان کے معاشی اور سماجی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ریفارمز سے بھی آگاہ کیا۔ جرمن وزیر مسز سوینجا شولز نے کہا کہ انڈسٹری اور سکلڈ لیبر کے پوٹینشل ہونے کی وجہ سے پنجاب قابل ترجیح صوبہ ہے۔

مزیدخبریں